سپریم کورٹ : صوبوں کو جیلوں کی حالتِ زار پر رپورٹس ہائیکورٹس بھجوانے کا حکم

سپریم کورٹ نے ملک بھر کی جیلوں کی حالتِ زار سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے صوبوں کو اس حوالے سے رپورٹس متعلقہ ہائی کورٹس بھجوانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس کا جسٹس اطہر من اللّٰہ بھی حصہ تھے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جیلوں میں حد سے زیادہ قیدی رکھے جا رہے ہیں، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے صوبے کی جیلوں کا دورہ کیا، اسلام آباد میں جیل بننے کا کئی سال سے سن رہے ہیں، اڈیالہ جیل میں بھی حد سے زیادہ قیدی ہیں، اچھی بات یہ ہے کہ اڈیالہ جیل میں صفائی کا بہتر نظام ہے۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ جیلوں میں بنیادی چیزوں پر بھی عمل درآمد نہیں ہو رہا، صوبائی حکومتوں کو متحرک کرنا ہو گا، یہ صوبائی معاملہ ہے، مزید جائزے کے لیے معاملہ صوبائی ہائی کورٹس کو بھجوا دیتے ہیں۔

عدالت نے صوبائی حکومتوں کو جیلوں کی حالتِ زار سے متعلق تفصیلات متعلقہ ہائی کورٹس بھجوانے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ متعلقہ ہائی کورٹس جائزہ لے کر مزید احکامات جاری کریں