پاس ورڈ شیئرنگ کے خلاف نیٹ فلکس کا کریک ڈاؤن شروع

اگر آپ اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے اکاؤنٹ کا پاس ورڈ دوستوں یا رشتے داروں سے شیئر کرتے ہیں تو بری خبر یہ ہے کہ اس کے خلاف کمپنی نے دنیا بھر میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

نیٹ فلکس کی جانب سے فروری 2023 میں کینیڈا، نیوزی لینڈ، پرتگال اور اسپین میں پاس ورڈ شیئر کرنے والے صارفین کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا۔

اب امریکا سمیت 100 سے زائد ممالک میں دوستوں یا رشتے داروں سے پاس ورڈ شیئرنگ کرنے والے صارفین سے کمپنی اضافی فیس وصول کرے گی۔

اس کے لیے کمپنی کی جانب سے 103 ممالک اور خطوں کے صارفین کو نوٹیفکیشن کے ذریعے انتباہ کیا جائے گا کہ وہ اپنے اکاؤنٹ کو گھر سے باہر کے افراد سے مفت شیئر نہ کریں۔

اس نوٹیفکیشن میں کہا جائے گا کہ ایک نیٹ فلکس اکاؤنٹ کو صرف ایک گھر میں استعمال کیا جا سکتا ہے اور صارفین اضافی فیس ادا کرکے گھر سے باہر کسی فرد کو اپنے اکاؤنٹ تک رسائی دے سکتے ہیں۔

ہر ملک میں یہ فیس الگ ہوگی، امریکا میں 8 ڈالر ماہانہ اضافی فیس کے طور پر لیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ پاس ورڈ شیئرنگ کے خلاف اقدامات کی آزمائش گزشتہ سال سے لاطینی امریکا کے چند ممالک میں کی جا رہی تھی۔

فروری میں چند ممالک میں کریک ڈاؤن کا آغاز ہوا اور اب اس کا دائرہ لگ بھگ دنیا بھر میں پھیلا دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق دنیا بھر میں 10 کروڑ افراد اس سروس کو اپنے دوستوں کے اکاؤنٹس کے ذریعے مفت استعمال کرتے ہیں۔