1965کی جنگ میں بھارت کا جو خواب پورا نہ ہوسکا ، 9 مئی کو جتھوں نے وہ خواب پورا کیا:وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 1965کی جنگ میں بھارت کا جو خواب پورا نہ ہوسکا ، 9 مئی کو جتھوں نے وہ خواب پورا کیا۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ہونے والی عظمت شہداءکنونشن میں شرکت کی، تقریب میں شہداء کے ورثا کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے دو ٹوک اعلان کیا کہ 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کرنے والے شرپسندوں کو معافی نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنے کارکنوں کو شرپسندی کی تربیت دی ، کرپشن کیس میں گرفتاری پر کارکنوں کو حملے کی ہدایات دیں ، حملے کرنے والوں، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو کسی صورت معافی نہیں ملے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نہ کوئی سفارش قبول ہوگی ، نہ کوئی کوتاہی ، سنگین قدم اٹھانے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔

اس کے علاوہ تقریب میں جذباتی اور رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف شہداء کے ورثا کی نشستوں پر گئے، مزاج پرسی کی اور حوصلہ دیا۔

شہباز شریف شہداء کی ویڈیوز دیکھ کر آبدیدہ ہو گئے۔