’وزیراعظم صاحب، میں ملک کا وزیر خارجہ ہوں اور ٹینکر سے پانی خریدتا ہوں:بلاول بھٹو زرداری

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں انہیں مخاطب کرکے کہا کہ ’وزیراعظم صاحب، میں ملک کا وزیر خارجہ ہوں اور ٹینکر سے پانی خریدتا ہوں۔

کراچی میں پانی کے منصوبے کے فور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نےکہا کہ پانی ہر شہری کا مطالبہ ہے، کراچی کو بھی شہباز اسپیڈ کی ضرورت ہے، کراچی پر توجہ دیں تو آئی ایم ایف سے نجات مل سکتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پچھلے سال 25 مئی کو اسلام آباد کو جلایا گیا، ہم نےکچھ نہیں کیا،فارن فنڈنگ پر کچھ نہیں کیا، زمان پارک میں پولیس پر حملہ ہوا ہم نے کچھ نہیں کیا، ہم سیاسی انتقام میں ملوث نہیں ہونا چاہتے تھے۔

انہوں نے سوال کیا کہ اگر نو مئی کی سازش نائن زیرو، بلاول ہاؤس یا رائے ونڈ میں ہوتی تو اس کا کیا رد عمل ہوتا؟ کیا ہم برداشت کریں کہ فوجی تنصیبات، جناح ہاؤس پر حملے کیے گئے، اگر ہم یہ سب بھول جائیں تو ریاست کی رٹ قائم کرنا مشکل ہوجائے گا۔