کتنا بڑا غدار ہے وہ جس نے شہداء کی یادگار کو آگ لگائی:مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کتنا بڑا غدار ہے وہ جس نے شہداء کی یادگار کو آگ لگائی۔

وہاڑی میں یوتھ کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ آج کا ن لیگ کا یہ اجتماع شہیدوں کے نام کرتی ہوں، اُن کے والدین، بچوں اور بیواؤں کے نام کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی پر دل خون کے آنسو روتا ہے، یہ واقعات اچانک نہیں ہوئے بلکہ سب کچھ طے شدہ پلان تھا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ کتنا بڑا غدار ہے وہ جس نے شہیدوں کی یادگار کو آگ لگائی، جس نے شہدا کے خاندانوں کے جذبات کے ساتھ کھیلا، اس سے زیادہ بد بخت کون ہوسکتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کیا یہ اچانک ہوگیا کہ عمران خان کو پولیس پکڑ کر لےگئی، 9 مئی کی دہشت گردی کا منصوبہ زمان پارک میں بنا تھا۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے یہ بھی کہا کہ جو ملک کے دشمن، دہشت گرد نہ کرسکے عمران خان نے کردیا، 9 مئی کے حملے منصوبہ بندی سے ٹارگٹ بنا کر کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ جتھوں نے کور کمانڈر کے سامنے شاپنگ سینٹر پر حملہ کیوں نہیں کیا، ماسٹر مائنڈ عمران خان نے بتایا تھا کہ تم نے ادھر جانا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جب کوئٹہ سے جتھہ نکلتا ہے تو سیدھا چھاؤنی کا رخ کیوں کرتا ہے؟ جب وہ میانوالی سے نکلتے ہیں تو وہ طیارے پر کیوں حملہ کرتے ہیں؟ اس طیارے پر حملہ کیوں نہیں کرتے، جس کو عمران خان نے رکشے کی طرح چلایا ہے۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ پنڈی سے جتھہ نکلتا ہے تو سیدھا جی ایچ کیو جاتا ہے؟ پنڈی کا جتھا لال حویلی کیوں نہیں جاتا، دراصل یہ حملے پاکستانی فوج پر تھے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے بھی جنرل باجوہ اور جنرل فیض پر تنقید کی تھی، اس حملے کا مقصد پاکستان کی فوج کو جھکانا تھا، شرم آنی چاہیے تم کو ڈوب کر مرجانا چاہیے۔

مریم نواز نے کہا کہ ان حملوں میں عمران اکیلا نہیں تھا سہولت کار بھی شامل تھے، میری معلومات ہیں یہ فوج کے خلاف بغاوت ہے اور سرغنہ عمران خان ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 مارچ کو لانگ مارچ کا مقصد آرمی چیف کی تعیناتی روکنا تھی، اس نے اپنی تقاریر میں جلاؤ گھیراؤ کا سبق دیا، اپنی بیوی کو چادروں میں لے کر جارہا تھا، دیگر خواتین کو تم نے ہراول دستوں کی طرح ڈھال بنایا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے لندن سے عوام کے لیے محبت بھرا سلام بھیجا ہے، اس ملک کے فیصلے نوجوانوں نے کرنے ہیں، اس ملک کی ترقی کے ضامن نوجوان ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا تھا کہ نواز شریف کے کمرے کا اے سی بند کرادوں گا، اب یہ کہتا ہے میں اور نواز شریف انتقام لے رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ میں جیل دیکھ کر سر پر بالٹی رکھ کر بھاگی نہیں، مریم نواز شریف نے پیر پر پلاسٹر نہیں باندھا، عمران خان نے بڑے ظلم کیے لیکن ہم انتقام پر یقین نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ اس نے سوچا اسمبلیاں توڑ دوں گا بازی پلٹ جائے گی، پھر اس نے سوچا فوج پر حملہ کروں گا تو بازی پلٹ جائے گی۔