یو اے ای روس کے سونے کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ملک بن گیا

مغربی ممالک کی طرف سے پابندیوں کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روس کے سونے کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ملک بن گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کے کسٹمز ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ پچھلے سال یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک یو اے ای نے روس سے ایک ہزار سونے کی شپمنٹس منگوائیں۔

یو اے ای نے روس سے 75.7 ٹن سونا درآمد کیا جس کی لاگت 4.3 ارب ڈالر بنتی ہے۔

2021 میں عرب ریاست نے روس سے صرف 1.3 ٹن سونا درآمد کیا تھا۔

چین اور ترکیہ دوسرے بڑے ممالک تھے جنہوں نے روس سے 20، 20 ٹن سونا درآمد کیا۔

ایک سال میں روس نے اپنے سونے کی 99.8 فیصد برآمدات یو اے ای، چین اور ترکیہ کو بھیجیں۔

7 مارچ 2022 کو لندن صرافہ مارکیٹ ایسوسی ایشن نے روس کے سونے کی اینٹوں پر پابندی لگا دی تھی۔

اگست 2022 کے اختتام پر اگست، برطانیہ، یورپی یونین، سوئٹزرلینڈ، امریکا، کینیڈا اور جاپان نے بھی روس سے سونے کی تمام درآمدات بند کر دی تھیں۔

روس کے کسٹم ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ سونے کے تاجروں نے یو اے ای، ترکیہ اور چین میں اپنے سونے کی نئی منڈی ڈھونڈ لی۔