معیشت مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: اسحاق ڈار

وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معیشت مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں بین الاقومی اسلامک بینکنگ کانفرنس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلامی بینکنگ کا نظام بہتر بنا رہے ہیں، اسلامی فنانسنگ سے غربت پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اسلامی بینکنگ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں، یہ کانفرنس اسلامک فنانسنگ میں ہمارے مستقبل کے لیے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکنگ کا نظام ہمارے مستقبل کو بہتر بنانے میں مدد دے گا، تمام اسلامی ممالک کے اشتراک سے معاشی چیلنجز سے نکل سکتے ہیں۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ اسلامک فنانس پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے اہم ہے، اسلامک فنانس کے فروغ کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی سطح پر اسلامک فنانس 4 ہزار ارب ڈالر سے زیادہ ہے، 2026ء میں اسلامک فنانس عالمی معیشت میں 59 ہزار ارب ڈالرز کو پہنچ جائے گا۔