ملک میں اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں:عاکف سعید

سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیش آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین عاکف سعید نے کہا ہے کہ ملک میں اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عاکف سعید نے کہا کہ 2 سال میں اسلامک کیپٹل مارکیٹ کو فروغ دینے کا ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی اداروں نے روایتی بینکنگ سے اسلامی بینکاری پر منتقلی کے لیے رابطہ کیا ہے، ایس ای سی پی نے اسلامک فنانس پروڈکٹس کے فروغ کے لیے خصوصی ونڈو قائم کی۔

عاکف سعید کا کہنا ہے کہ اسلامک کیپٹل مارکیٹ کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے مدد کی ضرورت ہے، کانفرنس کے انعقاد سے اسلامک فنانس کے فروغ میں مدد ملے گی۔

چیئرمین ایس ای سی پی نے کہا کہ کمپنیاں اور مالیاتی ادارے اسلامک سروسز اور مصنوعات کے اجرا کے لیے رابطہ کر رہے ہیں، اسکوک کے اجراء سے اسلامی مالیاتی نظام کے تیزی سے فروغ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ مملکت اور چیئرمین اصلاحات کمیشن اشفاق تولہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی اسلامی کیپٹل مارکیٹ کا حجم 3 ٹریلین ڈالر سے زیادہ ہے۔

اشفاق تولہ کا کہنا ہے کہ اسلامک کیپٹل مارکیٹ کے فروغ کے لیے بین الاقوامی تنظیم کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، اس حوالے سے مختصر مدت میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔