فواد چوہدری کی پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطے کے دعوے کی تردید

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں سے رابطے کے دعوے کی تردید سامنے آگئی۔

فواد چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے چند بڑے رہنماؤں کا نام لیا اور اُن سے رابطے کا دعویٰ کیا۔

سابق وفاقی وزیر نے جن رہنماؤں کا نام لیا، اُن میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی شامل تھے، تاہم انہوں نے فواد چوہدری سے رابطے کی تردید کردی۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ میرا فواد چوہدری سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

دوسری طرف شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی نے کہا ہے کہ فواد چوہدری اور دیگر نے میرے والد سے ملاقات کے بعد جو تاثر دیا وہ صحیح نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں کے شاہ محمود سے ملاقات پر دیے گئے تاثر کی تردید کرتا ہوں، میرے والد پارٹی کے وائس چیئرمین ہیں۔