وزیراعظم شہباز شریف کا بجٹ مانٹیرنگ خود کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ تیار کی مانٹیرنگ خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آج (جمعرات کو ) اہم اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ کابینہ ارکان نے سفارش کی ہے کہ نئے ترقیاتی اسکیموں پر کٹ لگا کر مہنگائی ریلیف پیکیج بڑھایا جائے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے آج جمعرات کو بجٹ اور معیشت کے حوالے سے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نےبجٹ کی تیاری کی مانیٹرنگ خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعظم نےبجٹ کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر میٹنگز لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں بجٹ تجاویز اور موجودہ معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا ۔خواجہ آصف کی سربراہی میں قائم کمیٹی بجٹ تجاویز آ ج وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

بجٹ تجاویز میں مہنگائی کا شکار عوام کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج شامل ہے۔کابینہ ارکان نے نئے ترقیاتی سکیموں پر کٹ لگا کر مہنگائی ریلیف پیکیج بڑھانے کی سفارش کر دی ۔

یہ تجویز دی گئی ہے کہ پی ایس ڈی پی کے نئے منصوبے شروع کرنے کی بجا ئے صرف جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئےرقم رکھی جائے ۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں اضافے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ زراعت، برآمدات میں اضافے اور ٹیکسز کے حوالے سے بھی کمیٹی کی سفارشات تیار کی گئی ہیں۔