عامر خان کی رہائش گاہ پر ان کے ساتھ کامیڈین کپل شرما کی ایک شاندار شام

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی رہائش گاہ پر ان کے ساتھ کامیڈین کپل شرما نے ایک شاندار شام گزاری۔

کپل شرما نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عامر خان کے ساتھ اپنی دو تصاویر شیئر کی ہیں۔

کامیڈین کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں سے پہلی تصویر میں وہ اپنی اہلیہ گنی چترتھ اور عامر خان کے ساتھ بہت خوشگوار موڈ میں نظر آرہے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں اُنہیں عامر خان سے گلے ملتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایک شاندار شام، زبردست مہمان نوازی، موسیقی، محبت اور خوشی دینے کے لیے آپ کا شکریہ۔

اُنہوں نے عامر خان سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ آپ کے ساتھ یہ ملاقات بہت خوبصورت اور یادگار رہی، آپ ہمارا فخر ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں عامر خان نے فلم ’کیری آن جٹا 3‘ کے ٹریلر لانچ کے لیے منعقد کی گئی تقریب میں شرکت کی جہاں کپل شرما بھی موجود تھے۔

عامر خان نے اس تقریب کے دوران کپل شرما سے مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ لوگوں کو ہنسانا بہت بڑی بات ہے، میں آپ کے سب سے بڑے مداحوں میں سے ایک ہوں لیکن میں آپ سے یہ بھی پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ نے مجھے کبھی اپنے شو میں کیوں نہیں بلایا؟

عامر خان نے ہنستے ہوئے یہ بھی کہا کہ میں کپل شرما سے اس لیے پوچھ رہا ہوں تاکہ اس سے پہلے کہ یہ مجھ سے کچھ کہیں تو میں ان سے ایک قدم آگے رہوں۔