وزیرِاعظم شہباز شریف کی بجٹ سے متعلق ہدایات

وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پی ایس ڈی پی سے متعلق بجٹ تجاویز پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

اس موقع پر وزیرِاعظم نے کہا کہ بجٹ میں پی ایس ڈی پی میں نوجوانوں کی ترقی کے لیے خصوصی رقم مختص کی جائے، بجٹ میں اعلیٰ تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت اور باوقار روزگار کے لیے اقدامات شامل کیے جائیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے پاکستان انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جائے، طلبہ کو آئی ٹی سے لیس کرنے کے لیے مفت لیپ ٹاپس پروگرام شامل کیا جائے، انڈوومنٹ فنڈ سے اعلیٰ و پیشہ ورانہ تعلیم اور آئی ٹی میں مہارت کی تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وظائف و تعلیم کے لیے شفافیت اور میرٹ کے عنصر کو کلیدی اہمیت دی جائے، بجٹ میں آئی ٹی کے فروغ کے لیے منصوبے شامل کیے جائیں۔

وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ کسان پیکج کے تحت شروع کیے گئے منصوبے جاری رکھے جائیں اور بجٹ میں قابل تجدید توانائی کے منصوبے شامل کیے جائیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں جدت کے لیے بجٹ میں خصوصی رقم مختص کی جائے، جو منصوبے اہمیت کھو چکے ہیں انہیں پی ایس ڈی پی کے دائرہ کار سے نکالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں صوبوں، اسٹیک ہولڈرز اور اتحادی جماعتوں کی تجاویز کو شامل کیا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ اور رانا تنویر حسین سمیت وزیرِاعظم کے مشیر احد چیمہ، معاونین خصوصی ملک احمد خان، عطاء اللہ تارڑ اور جہانزیب خان نے بھی شرکت کی۔