انضمام الحق سچن ٹنڈولکر سے بہتر مڈل آرڈر بلے باز قرار :وریندر سہواگ

سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر وریندر سہواگ نے انضمام الحق کو سچن ٹنڈولکر سے بہتر مڈل آرڈر بلے باز قرار دے دیا۔

وریندر سہواگ نے ایک ویب شو میں انٹرویو کے دوران سابق پاکستانی کپتان انضمام الحق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ’انزی بھائی بہت پیارے ہیں، ہر کوئی سچن ٹنڈولکر کے بارے میں بات کرتا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ انضمام الحق ایشیاء کے سب سے بہترین مڈل آرڈر بلے باز تھے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ سچن ٹنڈولکر کی تو بات ہی الگ ہے، ان کا نام بہترین بلے بازوں کی فہرست سے بھی اوپر آتا ہے لیکن انضمام الحق مڈل آرڈر میں بہترین تھے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’میں 2003ء کی بات کر رہا ہوں جب ایک اوور میں 8 رنز بنانا صرف تصوّر ہی کیا جاسکتا تھا اور اگر کسی ٹیم کو جیتنے کے لیے 10 اوورز میں 80 رنز درکار ہوتے تھے تو ایسے حالات میں وہ ٹیم گھبراتی تھی لیکن انزی بھائی ایسی صورتحال میں بھی پُر اعتماد نظر آتے تھے‘۔

یاد رہے کہ سابق کرکٹر انضمام الحق پاکستان کے اب تک کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔

اُنہوں نے 1991ء سے 2007ء تک 120 ٹیسٹ، 378 ون ڈے اور صرف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 1992ء میں پاکستان کے لیے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصّہ تھے۔