سالگرہ پارٹی پر بل دینے پر جھگڑا، 20 سالہ لڑکے کو 4 دوستوں نے قتل کردیا

بھارت میں 20 سالہ لڑکے کو سالگرہ کی تقریب میں بل کے اوپر جھگڑے پر 4 دوستوں کی جانب سے قتل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ واقعہ ممبئی میں گزشتہ ہفتے پیش آیا تھا، بتایا جارہا ہے کہ چار ملزمان میں سے دو 18 سال سے کم عمر کے تھے تاہم دیگر دو ملزمان شاہ رخ اور نشر کو احمد آباد سے پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مقتول صابر انصاری نے اپنی سالگرہ کی تقریب 31 مئی کو ایک ڈھابے پر رکھی تھی جس میں اس نے اپنے دوستوں کو مدعو کیا تھا اور تقریب کا مجموعی بل 10 ہزار روپے کا بنا، چاروں ملزمان نے صابر کو کہا کہ وہ اسے رقم بعد میں دے دیں گے جس کے بعد صابر نے کھانے کا بل ادا کیا اور گھر واپس آگیا۔

دوپہر 2 بجے کے قریب صابر ملزم شاہ رخ اور اس کے 3 دیگر دوستوں کے پاس اس سے پیسے مانگنے گیا تو انہوں نے انکار کر دیا اور اسے دھمکیاں دیں کہ اب دوبارہ پیسے نہ مانگے جس کے بعد صابر نے اپنے دوسرے دوستوں کو واقعہ سے متعلق بتایا۔

بعد ازاں رات تقریباً 8 بجے جب صابر اپنے دیگر دوستوں کے ساتھ شیواجی نگر علاقے میں ایک اسکول کے پاس اپنی سالگرہ منا رہا تھا تو ملزمان موقع پر پہنچے اور اس کے ساتھ بدسلوکی کی اور لڑائی جھگڑا کیا، انہوں نے صابر پر تیز دھار ہتھیار سے کئی بار حملہ کیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔

ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جس کے بعد صابر کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگیا۔