مونس الٰہی کےخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور نے سابق وفاقی وزیر و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مونس الٰہی کےخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا۔

مقدمہ منی لانڈرنگ اور رشوت کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مونس الٰہی نے بطور وفاقی وزیر آبی ذخائر کے منصوبوں میں اربوں روپے کی کرپشن کی۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مونس الٰہی نے کروڑوں روپے رشوت کی مد میں وصول کیے اور انہوں نے کرپشن اور رشوت ستانی سے کمائی گئی رقم کی منی لانڈرنگ کی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مونس الٰہی نے فرنٹ مین کے ذریعے اپنی فیملی اور دیگر ملزمان کے اکاؤنٹس میں رقوم جمع کرائیں، ملزم نےاکاؤنٹس میں تقریباً 121.65 ملین جمع کرائے، تمام رقوم 2019 سے 2022 میں جمع کرائی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے مونس الٰہی کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ قائداعظم (ق) چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے مونس الٰہی ان دنوں بیرون ملک ہیں۔