نواز شریف کو رات 2 بجے بھی کال کرو تو ملاقات کے لئے فوری بلا لیتے تھے:افتخار ٹھاکر

پاکستانی معروف کامیڈین افتخار ٹھاکر نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو رات 2 بجے بھی کال کرو تو ملاقات کے لئے فوری بلا لیتے تھے۔

افتخار ٹھاکر نےحال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے کئی مختلف موضوعات کے بارے میں گفتگو کی۔

اُنہوں نے اس پوڈکاسٹ کے دوران میزبان کے ایک سوال کہ آپ نے مختلف حکمرانوں کے دور میں کام کیا، کس کی حکمرانی کے دور میں ان سے باآسانی ملاقات ہوجاتی تھی؟

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے افتخار ٹھاکر نے انکشاف کیا کہ میاں نواز شریف کے دور حکومت میں ان سے بہت آسانی سے ملاقات ہوجایا کرتی تھی۔ انہیں کبھی بھی فون کرو تو آگے سے پوچھتے تھے کہ کون کون ہے؟ انہیں بتاؤ تو کہتے تھے کہ فوری آجاؤ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر انہیں رات کے 2 بجے بھی کال کر کے کہو کہ 10 منٹ بات ہو سکتی ہے؟ تو ان کا جواب ہوتا تھا کہ 10 منٹ کیوں، آدھا گھنٹہ بات ہو سکتی ہے فوری آجائیں۔

میزبان کے ایک اور سوال کے جواب میں افتخار ٹھاکر نے بتایا کہ حکمرانوں سے ہمیں کوئی کام نہیں ہوا کرتا تھا ہم تو میاں صاحب کے ساتھ جگتیں مارنے کے لئے چلے جایا کرتے تھے۔

افتخار ٹھاکر نے بتایا کہ یہ لوگ بہت پیارے ہیں، اب بھی اگر کبھی کسی پروگرام کے لئے لندن جانا ہو تو ان سے ملاقات کے لئے ان کے گھر چلے جایا کرتے ہیں جہاں وہ طعام وغیرہ کا انتظام کرتے ہیں۔