جناح ہاؤس لاہور پر حملے کا ایک اور شرپسند بے نقاب

جناح ہاؤس لاہور پر حملے کا ایک اور شرپسند بے نقاب ہو گیا، شر پسند حاشر خان درانی جناح ہاؤس پر دورانِ حملہ انقلاب کے نعرے لگاتا رہا، اس نے اعتراف کیا ہے کہ میں نے لوگوں کو اُکسایا کہ انقلاب آ گیا۔

حاشرخان درانی نامی شر پسند انصاف یوتھ ونگ لاہور کا انفارمیشن سیکریٹری ہے جس نے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ میں نے نعرے لگائے کہ ’لوگو! انقلاب مبارک ہو، ہم فوجیوں سے جان چھڑائیں گے‘۔

شر پسند حاشر خان درانی کا بیان میں کہنا ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کی منصوبہ بندی پہلے سے زمان پارک میں کی گئی، جس کے تحت ہم نے حملہ کیا۔

جناح ہاؤس لاہور پر حملے کے شر پسند حاشر خان نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے حملے کا منصوبہ بنایا جس میں یاسمین راشد، محمود الرشید اور شیخ امتیاز شامل تھے۔

شر پسند حاشر خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے فوج کے خلاف ہمارے ذہنوں میں جو بھرا تھا وہ اثر انداز ہوا، میں بھی حملے کے وقت وہاں موجود تھا، میں نے بھی ویڈیو بنائی۔

جناح ہاؤس لاہور پر حملے کے شر پسند حاشر نے کہا ہے کہ میں نے جھنڈا لہرایا اور کہا کہ یہ کور کمانڈر ہاؤس نہیں بلکہ خان ہاؤس ہے۔

شر پسند حاشر خان نے یہ بھی کہا ہے کہ اس سب عمل کے دوران فوج کا رویہ بہت مثبت تھا، ہماری فوج نے کسی عام شہری کو تنکا برابر بھی نقصان نہیں پہنچایا۔