کولمبیا: طیارہ حادثے کے 40 دن بعد خطرناک جنگل سے 4 بچے زندہ مل گئے

کولمبیا میں ایمازون کے جنگلات سے ایک شیر خوار سمیت 4 چھوٹے بچے 40 دن بعد حیران کُن طور پر زندہ مل گئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق یہ بچے ملک کے جنوب میں طیارہ حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق زندہ بچ جانے والے بچوں کی عمر 11 ماہ،4،9 اور 13 سال ہے، بچوں کے جسم پر کیڑے مکوڑوں کے کاٹنے کے نشانات ہیں تاہم ان سب کی حالت اچھی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس جنگل میں کئی شکاری اور خطرناک جانور موجود ہیں جبکہ بچوں کے پاس کھانے کے لیے بھی کچھ موجود نہ تھا جس کے باعث وہ کمزور اور ان کے چہرے کا رنگ تبدیل ہوگیا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بچوں کو تلاش کرنے والے ریسکیو اہلکاروں نے بکھرے ہوئے سامان، کپڑوں اور جوتوں کے نشانات سے بچوں کا پتا لگایا۔

رپورٹس کے مطابق فضائیہ نے 10 ہزار فلائرز کو جنگل میں گرایا تھا جن میں بچوں کو مادری ہسپانوی زبان میں ہدایات دی گئی تھیں کہ وہ ایک مقام پر کھڑے ہو جائیں۔

واضح رہے کہ یکم مئی کو ایک چھوٹا طیارہ کولمبیا کے ایمازون کے قصبے سان ہوزے ڈیل گوویئر کی طرف جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس میں پائلٹ سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ہلاک افراد کی لاشیں طیارے کے اندر سے ملی تھیں تاہم چاروں بچے غائب تھے۔