میں اپنا پورا دن کرکٹ ٹریننگ میں گزارتا ہوں:عمر اکمل

پاکستان کے کرکٹر عمر اکمل نے کہا ہے کہ میں اپنا پورا دن کرکٹ ٹریننگ میں گزارتا ہوں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ قومی کرکٹرز کے کیمپ میں کھلاڑی بہت محنت کر رہے ہیں ان کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرم موسم میں کرکٹرز سو فیصد دے رہے ہیں، میں مسلسل ٹریننگ کر رہا ہوں، اکیڈمی میں کیمپ جاری ہے، اس لیے قادر اکیڈمی میں ٹریننگ کر رہا ہوں۔

عمر اکمل کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے ساتھ فٹنس بہت ضروری ہے، اس پر فوکس ہے، لنکا پریمیئر لیگ میں مجھے لینا ان پر منحصر ہے اگر وہ منتخب کرتے ہیں تو سو فیصد دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں تمام پرفارمرز کو موقع ملتا ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سب کے سامنے ہے کہ کس نمبر پر بیٹنگ کی اور صرف ٹیم کے لیے کھیلا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ میری فیملی مجھے بہت متحرک رکھتی ہے، میں ایک مرتبہ مایوس ہوا تھا لیکن فیملی نے کہا کہ آپ گرین شرٹ پہنیں گے۔

کرکٹر عمر اکمل نے یہ بھی کہا کہ کامران اکمل ہمیشہ میرے ساتھ کام کرتے رہے، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ میرے ساتھ محنت کرتے ہیں، میں اپنی محنت جاری رکھوں گا، انفرادی ٹریننگ کر رہا ہوں، کلب کی جانب سے میچز بھی کھیلتا رہوں گا۔