جانی ڈیپ کا ہتک عزت کیس میں ملنے والا جرمانہ 1 ملین ڈالر عطیہ کرنے کا فیصلہ

ہالی ووڈ کے معروف اداکار جانی ڈیپ نے ہتک عزت کیس میں سابقہ اہلیہ اداکارہ امبر ہرڈ سے جرمانے میں ملنے والے 1 ملین ڈالرز عطیہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار نے جرمانے میں ملنے والے 1 ملین ڈالرز عطیہ کرنے کے لیے پانچ مختلف خیراتی اداروں کا انتخاب کیا ہے، ان تمام خیراتی اداروں میں جرمانے کی رقم برابر برابر یعنی 2 لاکھ ڈالرز عطیہ کئے جائیں گے۔

ان خیراتی اداروں میں میک اے فلم فاؤنڈیشن، دی پینٹڈ ٹرٹل، ریڈ فیدر، مارلن برانڈو کی ٹیٹیاروا سوسائٹی چیریٹی اور دی ایمیزونیا فنڈ الائنس شامل ہیں، جو بیمار بچوں کی فلاح و بہبود سے لے کر بے گھر افراد کو محفوظ رہائش فراہم کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ ورجینیا کی عدالت نے جانی ڈیپ اور امبر ہرڈ دونوں کو جون 2022 میں ہتک عزت کیس میں ملزم قرار دیا تھا جس کے بعد اس سابقہ جوڑے نے دسمبر 2022 میں اس بات پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے سمجھوتہ کیا کہ امبر ہرڈ جانی ڈیپ کو ہرجانے کے طور پر 1 ملین ڈالرز ادا کریں گی۔

واضح رہے کہ ہالی ووڈ کی اس مشہور جوڑی اداکار جانی ڈیپ اور اداکارہ امبر ہرڈ نے 2015 میں لاس اینجلس میں نجی تقریب میں شادی کی تھی، تاہم صرف ایک برس بعد مئی 2016 میں امبر ہرڈ نے جانی ڈیپ پر گھریلو تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔