انشا اورشاہین آفریدی کی شادی ایشیا کپ کے باعث ملتوی:شاہد آفریدی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کی صاحبزادی انشا اور قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی شادی ایشیا کپ کے باعث فی الحال ملتوی کرنی پڑے گی۔

گزشتہ ہفتے جمعرات کے روز ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2023 کی تاریخ کا اعلان کیا جس کے مطابق ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

ایشین کرکٹ کونسل کا کہنا ہےکہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلاجائے گا جس میں ایونٹ کے چار میچز پاکستان اور 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔

اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے ایک انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی نے ایشیا کپ کی تاریخوں کے اعلان سے متعلق خوشی کا اظہار کیا، اسی دوران میزبان سویرا پاشا نے سوال کیا کہ ‘عید الفطر پر جب میری آپ سے اور شاہین سے گفتگو ہوئی تھی تو اس وقت آپ نے بتایا تھا کہ انشا کی رخصتی ستمبر میں ہوگی لیکن اب چونکہ ایشیا کپ ہے، اسی لیے شادی تاخیر سے ہوتی نظر آرہی ہے’۔

جواب میں شاہد آفریدی مسکرائے اور کہا ‘تاریخ کا مجھے علم تھا اور مہینہ میں نے صرف آپ کو بتایا تھا، دونوں کی شادی ستمبر کی 3 تاریخ کو ہونا تھی جسے اب منسوخ کرنا پڑے گا کیونکہ میں سمجھتا ہوں انشااللہ شادی ہوجائے گی، دیر یا سویر، شکر ہے ایشیا کپ وقت پر ہورہا ہے، یہ پاکستان اور شاہین دونوں کے لیے اہم ہے’۔

شاہد آفریدی بولے ‘انشااللہ شادی کی تاریخ آگے پیچھے کرنی پڑے گی’۔

میزبان نے ایک بار پھر سوال کیا کہ ‘ایشیا کپ کے فوراً بعد بھارت میں ورلڈکپ ہونا ہے تو کیا ہم سمجھیں کہ شاہین اور انشا کی شادی نومبر کے اختتام یا دسمبر کی شروعات میں ہوگی؟ اور پھر دسمبر میں آسٹریلیا کا پاکستان کا دورہ ہے’۔

سابق کپتان نے جواب میں کہا ‘بس جیسے ایشیا کپ کا اونٹ ایک طرف بیٹھ گیا ہے، ویسے ہی یہ بھی بیٹھ جائے گا’۔

واضح رہےکہ شاہین آفریدی اور انشا آفریدی کا رواں برس فروری کے آغاز میں کراچی میں نکاح ہوا تھا جس میں معروف کرکٹرز سمیت قریبی رشتے داروں نے شرکت کی تھی۔

اس کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف جن کا نکاح رواں برس کے آغاز پر ہوا تھا، ان کی شادی بھی آئندہ ماہ جولائی کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔