ساف چیمپئن شپ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف کل کا میچ ری شیڈول کرنے کی درخواست

ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (ساف) چیمپئن شپ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف کل کا میچ ری شیڈول کرنے کی درخواست دے دی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف ) نے ساف سے درخواست کی ہے کہ ویزے میں تاخیر اور فلائٹس متاثر ہونے کی وجہ سے میچ ری شیڈول کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق پی ایف ایف کی درخواست پر ساف تمام ٹیموں اور کمرشل پارٹنرز سے مشورہ کر کے فیصلہ کرے گا، پاکستان فٹبال ٹیم اب تک ماریشس میں ہی ہے۔

قومی فٹبالرز کا کل صبح سے قبل بھارت کے شہر بنگلور پہنچنا ناممکن ہو گیا ہے، پاکستان کو ٹورنامنٹ میں کل شام بھارت سے مقابلہ کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان فٹبال ٹیم کو ایک ہی فلائٹ پر ایک ساتھ 32 سیٹیں حاصل کرنے میں مشکل ہو رہی ہے، کھلاڑی دو علیحدہ فلائٹس پر ماریشس سے بنگلور جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ویزے میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان فٹبال ٹیم اتوار کو شیڈول فلائٹ پر روانہ نہیں ہو سکی تھی۔