معین خان کی جانب سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا:اعظم خان

پاکستان کے وکٹ کیپر اعظم خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سابق کپتان اور والد معین خان کی جانب سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔

جیو ٹی وی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں گزشتہ دنوں کرکٹر اعظم خان نے بطور مہمان شرکت کی اور دلچسپ سوالوں کے جوابات بھی دیے۔

میزبان تابش ہاشمی کے ایک سوال پر اعظم خان نے بتایا کہ ان کے والد کو علم نہیں تھا کہ انہیں کرکٹ کھیلنے کا شوق ہے اور والد سے چھپ کر ان کی ہی اکیڈمی جا کر کرکٹ کھیلا کرتا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ میرے والد کی کرکٹ اکیڈمی تھی تو میں دوسرے لڑکوں پر کافی بھرم کروایا کرتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات والد صاحب کو پتا چل گئی تو انہوں نے مجھ پر پابندی لگا دی کہ میں کرکٹ اکیڈمی نہیں جاؤں گا بلکہ اپنی پڑھائی پر توجہ دوں گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں کرکٹ کھیلنے کا بہت شوق تھا اس لئے انہوں نے راشد لطیف اکیڈمی جوائن کرلی اور اب وہی میرے استاد ہیں۔

انہوں نے وزن کی وجہ سے اپنے اوپر ہونے والی تنقیدوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ کئی لوگ مختلف ناموں سے پکارتے ہیں اور کہتے ہیں اپنے والد کے عہدے کی وجہ سے کرکٹ میں ہوں، لیکن کبھی ہمت نہیں ہاری بلکہ تنقید کے باوجود کامیابی حاصل کی۔