امریکی صدر جوبائیڈن نے چین کے صدر شی جن پنگ کو ’ڈکٹیٹر‘ قرار دے دیا

امریکا کے وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کے دورہ چین کے صرف ایک دن بعد ہی اب امریکی صدر جوبائیڈن نے چین کے صدر شی جن پنگ کو ’ڈکٹیٹر‘ قرار دے دیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق کیلیفورنیا میں ایک تقریب کے دوران امریکی صدر کا کہنا تھا کہ چینی صدر بہت شرمندہ تھے جب جاسوس غبارے کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی صدر نے مشتبہ چینی غبارے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ آمروں کے لیے بڑی شرمندگی تھی جب وہ نہیں جانتے تھے کہ کیا ہوا، یہ وہاں نہیں جانا چاہیے تھا جہاں وہ تھا۔

دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر جوبائیڈن کے بیان کے بعد چین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دورہ چین کے دوران گزشتہ روز وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے چینی صدر سے ملاقات کی تھی جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا تھا۔

واضح رہے کہ فروری میں امریکا نے ریاست کیرولائنا کے ساحل پر مشتبہ چینی جاسوس غبارے کو فضا میں تباہ کردیا تھا۔