شہریوں پر مسلسل حملے کرنے والا انتہائی مطلوب بندر بلآخر ہاتھ آگیا

بھارت میں شہریوں پر مسلسل حملے کرنے والا انتہائی مطلوب بندر بلآخر ہاتھ آگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس انتہائی مطلوب بندر کے سر پر 21 ہزار روپے کا انعام رکھا گیا تھا جسے حکام نے بلآخرلمبی جدوجہد کے بعد پکڑ لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ اس بندر پر 20 افراد پر حملہ کرنے کا الزام ہے، ریسکیو ٹیم نے بندر کو پکڑنے کے لیے کئی جتن کیے اور گزشتہ روز شکار کی تلاش میں گھومتے ہوئے اس بندر کو مقامی لوگوں نے پکڑ لیا۔

ریسکیو ٹیم نے بندر کی تلاش کے لیے ڈرون کا بھی استعمال کیا اور اسے پکڑ کر پنجرے میں بند کردیا جب کہ بندر کے پکڑے جانے پر ڈرامائی انداز میں جشن منایا گیا اور لوگوں نے خوب نعرے لگائے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بندر کے حملوں کی وجہ سے لوگوں نے اپنے گھروں پر پہرے دینا شروع کردیے تھے اور بعض گھروں کے اوپر کچھ افراد نے اسلحہ کے ساتھ پہرے دیے جس کی تصاویر بھی سامنے آئیں۔

حکام کے مطابق بندر نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران تقریباً 20 افراد پر حملے کیے جن میں 8 بچے بھی شامل تھے، یہ بندر چھتوں اور کھڑکیوں کے ذریعے گھروں میں گھستا اور لوگوں پر حملے کرتا تھا۔

حکام نے بندر کی مسلسل کارروائیوں سے تنگ آکراس کے سر پر 21 ہزار روپے کا انعام بھی رکھا تھا۔