عون چوہدری برطانیہ کے دورے پر پہنچ گئے،وزیراعظم کل پہنچیں گے

استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری برطانیہ کے دورے پر پہنچ گئے۔

مانچسٹر میں موجود عون چوہدری آئندہ چند روز میں لندن پہنچیں گے جہاں وہ تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے۔

دوسری جانب استحکام پاکستان پارٹی کے بانی جہانگیر ترین پہلے ہی لندن میں موجود ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی کل لندن پہنچ رہے ہیں جہاں وہ 3 روز قیام کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی پارٹی قائد نواز شریف سے اہم ملاقات متوقع ہے جس میں بڑے فیصلے لیے جانے کا امکان ہے۔

لندن میں موجود جہانگیر ترین نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی میٹنگ طے نہیں، برطانیہ علاج کی غرض سے آیا ہوں۔

جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ طبی معائنہ مکمل ہوتے ہی پاکستان واپس چلا جاؤں گا۔