امریکی صدر سے مودی کیساتھ اقلیتوں کی مخدوش صورتحال اٹھانے کا مطالبہ

امریکا کے صدر جوبائیڈن سے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ اقلیتوں کی مخدوش صورتحال اُٹھانے کا مطالبہ کردیا گیا۔

امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی کے سربراہ ڈیوڈ کری نے کہا ہے کہ امریکا کو بھارتی حکومت کے اقلیت کش اقدامات کی مذمت کرنی چاہیے۔

امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی کا کہنا ہے کہ مودی سرکار امتیازی پالیسیوں اور قوانین سے اقلیتوں کی مذہبی آزادی سلب کر رہی ہے۔ حجاب، مذہب تبدیل کرنے کی پابندی اور نئے قوانین بھارت کو انتہا پسند بنانے کے اقدامات ہیں۔

دوسری جانب ہیومن رائٹس واچ ایشیا کے ڈائریکٹر نے بھی امریکی صدر سے مودی کے ساتھ انسانی حقوق کی پامالیوں کا معاملہ اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے رپورٹ میں بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال کو سنگین قرار دیا تھا۔

علاوہ ازیں صحافیوں کی عالمی تنظیم سی پی جے نے 15جون کو امریکا سے بھارت میں بگڑتی صحافتی صورتحال پر مذمت کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ نریندر مودی کے خلاف دستاویزی فلم نشر کرنے پر برطانوی ٹی وی بی بی سی انڈیا کے دفاتر پر بھی چھاپے مارے گئے تھے۔

یاد رہے کہ 2020 میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے شدید حکومتی دباؤ کے پیش نظر بھارت میں کام بند کردیا تھا۔