پاکستان سے سعودی عرب پہنچنے والے عازمینِ حج کی تفصیلات جاری

پاکستان سے سعودی عرب پہنچنے والے عازمینِ حج کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔

وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق ایک لاکھ 57 ہزار پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

ترجمان کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ 81 ہزار عازمین سرکاری اور 76 ہزار نجی حج اسکیم کے ذریعے سعودی عرب پہنچے ہیں۔
حج سے قبل آخری نمازِ جمعہ کے لیے خانہ کعبہ میں رش

ترجمان کے مطابق حج سے قبل آخری نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے خانہ کعبہ میں رش دیکھا گیا جس کے باعث سعودی انتظامیہ نے اسے کنٹرول کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ علی الصبح بند کردی تھی۔

ترجمان کے مطابق سعودی مکاتب نے منیٰ اور عرفات کے خیموں کی تیاری کو حتمی شکل دے دی ہے، عازمینِ حج اتوار اور پیر کی درمیانی شب منیٰ میں بسوں کے ذریعے پہنچائے جائیں گے۔

ڈی جی حج کا بتانا ہے کہ 63 فیصد سرکاری حجاج کو مشائر ٹرین کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ 37 فیصد سرکاری حجاج بسوں میں منیٰ سے عرفات اور مزدلفہ پہنچائے جائیں گے۔
منیٰ میں پاکستان حج مشن کے 2 کیمپ آفس قائم

ڈی جی حج کے مطابق وادی منیٰ اور جمرات میں پاکستانی معاونین کی گائیڈنگ پوسٹیں مقرر کر دی گئی ہیں، منیٰ میں پاکستان حج مشن کے 2 کیمپ آفس قائم کردیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شعبہ گمشدگی و بازیابی، رہنمائی، شکایات اور مانیٹرنگ ڈیسک 24 گھنٹے کام کرے گی۔

علاوہ ازیں ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہٰ محمود عام حاجیوں کے ساتھ حج ادا کریں گے۔

ترجمان کے مطابق سینیٹر محمد طلحہٰ محمود نے حج میڈیکل مشن، متعدد پاکستانی عمارتوں کا دورہ کیا اور عازمینِ حج سے ملاقاتیں بھی کیں۔

سینیٹر طلحہٰ محمود نے کہا ہے کہ عازمینِ حج کی بہترین رہنمائی اور شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، نجی حج گروپ آپریٹرز اپنے حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کریں۔
وزیر مذہبی امور کا انتباہ

وزیر مذہبی امور نے انتباہ بھی کیا کہ پرائیویٹ حج پیکج کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی۔

اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق عازمینِ حج نے اعلیٰ انتظامات پر وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہٰ محمود کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔