زبان اور انگلیاں کٹوانے کے بعد ’بلیک ایلین‘ ٹانگ بھی کٹوانے کیلئے تیار

جسم میں تبدیلیاں کروانے کے جنون میں مبتلا ’بلیک ایلین‘ نامی شخص زبان، ہاتھوں کی انگلیاں کٹوانے اور جسم پر مختلف ٹیٹوز بنوانے کے بعد اب اپنی ٹانگ کٹوانے کی خواہش رکھتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس سے تعلق رکھنے والا اینتھونی لوفریڈو عرف ’بلیک ایلین‘ اپنے جسم کو 46 فیصد تبدیل کر چکا ہے اور اب وہ اپنی ایک ٹانگ کٹوانے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔

اپنے جسم پر کثرت سے ٹیٹو بنوانے اور جسمانی تبدیلیاں لانے کے حوالے سے مشہور ’بلیک ایلیئن‘ اپنی ایک ٹانگ کٹوا کر اس میں روبوٹک پاؤں لگوانا چاہتا ہے۔

اینتھونی لوفریڈو کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اُس نے اپنے پورے بدن پر ٹیٹو بنوا کر سیاہ خلائی مخلوق کا خطاب حاصل کیا ہے اور اب وہ اپنے بدن کو مزید تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

’بلیک ایلین‘ کا خود کی ظاہری شکل و صورت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ وہ بہت خوش شکل تھا مگر اپنی ظاہری صورت اور جسم سے مطمئن نہیں تھا، اسے اپنا جسم اپنا نہیں لگتا تھا۔

اینتھونی عرف بلیک ایلین کا دعویٰ ہے کہ اس کے پاس مُردوں سے بات کرنے کی بھی صلاحیت موجود ہے۔

واضح رہے کہ اینتھونی کا بدن ٹیٹوز سے بھرا ہوا ہے حتیٰ کہ اس نے اپنی آنکھوں کی سفیدی کو بھی رنگین کروا لیا ہے۔

اس کی زبان اور دونوں ہاتھوں کی آخری دو، دو انگلیاں بھی کٹی ہوئی ہیں۔