نادیہ جمیل اور وہاج علی یمنیٰ زیدی کے حق میں سامنے آگئے

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل اداکارہ یمنیٰ زیدی پر ہونے والی تنقید کے بعد اداکارہ کا دفاع کرنے سامنے آگئیں اور اداکار وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کی جوڑی کو پسندیدہ آن اسکرین جوڑی قرار دے دیا۔

اداکارہ نادیہ جمیل نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ یمنیٰ زیدی کے دفاع میں ٹوئٹس کے انبار لگا دیئے۔

اس حوالے سے ماضی کی ایک ویڈیو بھی ٹوئٹر پر وائرل ہو رہی ہے جس میں اداکارہ نادیہ جمیل کو اداکارہ یمنیٰ زیدی کی تعریفیں کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق اداکارہ یمنیٰ زیدی نے ابھی تک اپنے ہنر کو 100 فیصد اسکرین پر پیش نہیں کیا وہ ابھی بہت کچھ کر سکتی ہیں۔

انہوں نے اداکارہ یمنیٰ زیدی کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ وہ ایسی اداکارہ ہے جو آسکر جیت کر لاسکتی ہے۔

اس ویڈیو کے بعد ٹوئٹر پر مداحوں کی جانب سے نادیہ جمیل سے یمنیٰ زیدی پر کی جانے والی حالیہ تنقید کے حوالے سے سوالات کیے گئے۔

ایک مداح نے ٹوئٹ پر نادیہ افگن کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ ’نادیہ افگن سمجھتی ہیں کہ یمنیٰ ایک اوور ریٹڈ اداکارہ ہیں‘، جس پر اداکارہ نادیہ جمیل نے جواب دیا کہ ’یہ نادیہ افگن کی رائے ہے، انہیں اپنی رائے کا اظہار کرنے کا پورا حق ہے، میرے خیال سے یمنیٰ بہت زیادہ تعریف کی مستحق ہے، وہ ایک محنتی، ورسٹائل اداکارہ ہے جو خوبصورت کردار تخلیق کرتی ہیں اور لاکھوں لوگوں کو تفریح فراہم کرتی ہیں، وہ اپنے ہنر پر سخت محنت کرتی ہیں میں بھی ان کا احترام کرتی ہوں۔ ’

انہوں نے مزید کہا کہ یمنیٰ کے پاس کوئی عام ہنر نہیں ہے بلکہ وہ ایک شاندار اداکارہ ہیں، میں اداکاری کو بہت سنجیدگی سے لیتی ہوں، جب میں کسی کو دیکھتی ہوں تو پہنچان جاتی ہوں کہ ایک اچھا اداکار کون ہے’۔

نادیہ جمیل نے یمنیٰ زیدی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’ابھی انہیں خود نہیں معلوم کہ ان کے اندر کون سی صلاحیتیں موجود ہیں، اس نوجوان لڑکی کے اندر بہت زیادہ ہنر ہے، مجھے لگتا ہے کہ وہ بہترین اداکاروں میں سے ایک ہے‘

دوسری جانب اداکار وہاج علی بھی اداکارہ نادیہ جمیل کی رائے سے متفق نظر آئے اور اپنی انسٹا اسٹوری میں ان کی حمایت کی اور یمنیٰ زیدی کے ساتھ کام کے تجربے کو بہترین قرار دیا۔