مصری پائلٹ اپنی پہلی ہی پرواز میں ماں کو حج پر لےگیا

مصر کے پائلٹ عبد اللہ بہی نے اپنی ماں کو سرپرائز دینے کے لیے اپنی پہلی پرواز میں سعودی عرب لے جانے کا انتظام کیا جس کے بعد دونوں ماں بیٹے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

عرب میڈیا سے گفتگو میں پائلٹ عبداللہ محمد بہی نے بتایا کہ میں مصر ائیر میں کوپائلٹ کے طور پر کام کرتا تھا اور اپنی والدہ کو حیران کرنا چاہتا تھا۔

عبداللہ نے کہا مجھے حال ہی میں پائلٹ نے نوکری ملی اور میں نے ماں کو نہیں بتایا کیونکہ میں انہیں سرپرائز دینا چاہتا تھا کہ اب میں پائلٹ ہوں اور وہ طیارہ اڑا رہا ہوں جس میں اپنی ماں کو حج کے لیے لے جارہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ماں کو بتائے بغیر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس کا انتظام کیا، میں سرکاری فلائٹ یونیفارم میں ملبوس ہوکر گھر سے ماں کو لے کر نکلا اور ماں کو بتایا کہ میں ائیرپورٹ پہنچ کر مصر ائیر کی کویت جانے والی پرواز کے عملے میں شامل ہو جاؤں گا۔

31سالہ عبداللہ محمد بہی نے مزید کہا کہ میری والدہ کی حیرانی کی انتہا نہ رہی جب وہ مکہ مکرمہ جانے والے جہاز میں سوار ہوئیں کیونکہ میں نے بورڈنگ کے دروازے پر ماں کا استقبال کیا۔

انہوں نے کہا میں نے ویڈیو بنانے کا بھی انتظام کررکھا تھا، میرا ارادہ تھا کہ اس ویڈیو کو بعدازاں سوشل میڈیا پر پوسٹ کردوں گا۔

پائلٹ نے اپنے کرئیرسے متعلق تفصیلات شیئر کیں اور بتایا کہ میں نے 2012 میں کالج آف ایوی ایشن سے گریجویشن کیا اور 2022 میں EgyptAir میں کام شروع کردیا اور بطور پائلٹ کام کرنے کے اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے 10 سال انتظار کیا۔

تاہم عبد اللہ نے اپنی ماں کو حج کرانے کے اپنے دوسرے خواب کو بھی پورا کر دکھایا۔