آنجہانی مائیکل جیکسن کے ہم شکل کی ٹک ٹاک پر دھوم

سوشل میڈیا صارفین نے آنجہانی امریکی گلوکار مائیکل جیکسن کا ہمشکل ڈھونڈ نکالا، جو نہ صرف آنجہانی گلوکار کی طرح دکھائی دیتا ہے بلکہ ان ہی کی طرح لباس، بالوں کا اسٹائل اور ڈانس بھی کرتا ہے۔

مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر 30 سالہ فیبیو جیکسن نامی ٹک ٹاکر کی دھوم مچی ہوئی ہے جو بغیر کسی سرجری یا میک اپ کے ہو بہ ہو آنجہانی پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کی طرح دکھائی دیتا ہے اور ان ہی کی طرح اسٹائل اختیار کئے ہوئے ہے۔

11 ملین فالوورز رکھنے والا یہ برطانوی ٹک ٹاکر نہ صرف مختلف تفریحی مقامات پر مائیکل جیکسن کے مداحوں کے ساتھ سیلفی لیتے ہیں بلکہ فیبیو جیکسن نے 2 دستاویزی فلم ’فیٹل ایڈکشن: مائیکل (2022)‘ اور ’دی لاسٹ 20 آورز: مائیکل جیکسن (2018)‘ میں بھی مائیکل جیکسن کا کردار نبھایا ہے۔

ٹک ٹاکر فیبیو جیکسن کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی آنجہانی پاپ سنگر کی طرح دکھائی دینے کے لئے کسی قسم کی سرجری نہیں کروائی بلکہ وہ بچپن سے اسی طرح دکھائی دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس وجہ سے انہیں اکثر اسکول میں ہراساں کیا جاتا تھا لیکن اب لوگ ان کی اسی مشابہت کی وجہ سے بے حد پسند کرتے ہیں۔