مہنگائی میں کمی کے لیے اقدامات جاری ہیں: جمیل احمد

اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمیل احمد نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو کئی بار چیلنجز کا سامنا رہا، پاکستانی بینکنگ قوانین جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، مستقل معاشی ترقی پر ہماری توجہ مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کا سپروائزری فریم ورک مضبوط ہے، ٹیکنالوجی پر ہمارا بہت فوکس ہے، ہماری توجہ آٹومیشن کی طرف بھی ہے، جس سے وقت کی بچت ہوتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی 16 ہزار سے زائد برانچز کام کر رہی ہیں، ہماری مختلف اسکیمز مختلف شعبوں کو فنانسنگ فراہم کر رہی ہیں، جدید ٹیکنالوجی کے باعث لوگ گھر میں بیٹھ کر اپنا اکاؤنٹ ہینڈل کر سکتے ہیں۔

جمیل احمد نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے مختلف طویل مدتی اسکیمز متعارف کرائی ہیں، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے وقت کی بچت اور صارفین کو سہولت ملی، صارفین کا ڈیٹا سینٹرلائز کیا جا رہا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے گورنر کا یہ بھی کہنا ہے کہ شریعت کورٹ کے حکم پر شریعہ فنانسنگ بڑھانی ہے، اسٹیٹ بینک کو ہائی ٹیک کرنے پر فوکس رہے گا، سائبر سیکیورٹی پر بھی ہماری توجہ ہے، تاریخی دن کو یادگار بنانے کے لیے 75 روپے کا نوٹ جاری کر رہے ہیں۔