ناک سے خون روکنے کیلئے شاہ رخ خان کا امریکا میں ہنگامی آپریشن

بالی ووڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی ناک کا امریکا کے شہر لاس اینجلس میں ہنگامی آپریشن کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان کی ناک پر چوٹ لگنے کے باعث مسلسل خون نکلنے کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسپتال پہنچانے پر شاہ رخ خان کی ٹیم کو ڈاکٹروں کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ فکر کرنے کی کوئی بات نہیں ہے اور خون کو بہنے سے روکنے کے لیے معمولی سرجری کی ضرورت ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق اسپتال میں شاہ رخ خان کی ناک سے خون کو روکنے کے لیے معمولی سرجری کرنی پڑی جس کے بعد اب وہ بھارت واپس آچکے ہیں اور صحت یابی کے عمل میں ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس حادثے سے متعلق شاہ رخ خان یا ان کی ٹیم کی طرف سے فی الحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔