مسئلہ بھارت کو ہے پاکستان کو نہیں:عبدالرزاق

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ سب سے زیادہ دنیا میں دیکھا جاتا ہے، رکاوٹیں بھارت کھڑی کرتا ہے، ہمیں تو کہیں بھی کھیلنے میں مسئلہ نہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ کرکٹ جہاں بھی ہو ہم پاکستانی کرکٹ کھیلنا اور دیکھنا چاہتے ہیں، ہماری خواہش ہوتی ہے کہ فینز کرکٹ سے لطف اندوز ہوں۔

عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ ہم کرکٹ کی ترقی کے لیے ہر جگہ کھیلنے کے لیے تیار ہوتے ہیں، یہ کھیل اب ایک تفریح بن چکا ہے، پوری دنیا میں دیکھا جاتا ہے۔

قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ صرف بھارت کی طرف سے پابندیاں لگائی جاتی ہیں، پاکستان کو مسئلہ نہیں ہوتا، ہم تو چاہتے ہیں کہ اگر پاکستان میں پاک بھارت میچز ہوتے تو کرکٹ کو فائدہ ہوتا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم تو کرکٹ کے لیے شارجہ میں بھی بھارت سے کھیلنا چاہتے ہیں، ہم ایک عرصہ سے پاک بھارت کرکٹ کو مس کر رہے ہیں، بھارت سمیت پاکستان کرکٹ ٹیم کو کہیں بھی بھارت سے کھیلنے میں مسئلہ نہیں ہے۔