کراچی پریس کلب کےصدر اور سیکرٹری کی چیف سیکرٹری سندھ سے ملاقات

کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے کراچی پریس کلب کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے معاملات پر چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت سے ملاقات کی۔

ملاقات میں صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے چیف سیکرٹری سندھ کو لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی ہاکس بے بلاک 68 کی ڈیمارکیشن، بلاک3 اے اور 3 اے ون میں ترقیاتی کام،ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی بلاک 12 کی صحافی کالونی کے الاٹیز کی آبادکاری کے لئے ترقیاتی کام کے اغاز اور 700 نئے ممبرز کے لئے پلاٹس کی سمری پر بریفنگ دی۔

چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت نے ڈپٹی کمشنر کیماڑی کو لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی بلاک 68 کی ڈیمارکیشن فوری طور پر شروع کرنے اور زمین کا مکمل قبضہ کراچی پریس کلب کے حوالے کرنے کے احکامات دئیے۔

انہوں نے صحافی کالونی ہاکس بے اور نیو ملیر ہاؤسنگ اسکیم بلاک 12 میں ترقیاتی کام جلد از جلد شروع کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت کی جانب سے کراچی پریس کلب اور صحافی برادری سے ہر موقع پر بھرپور تعاون کرنے پر ان کاشکریہ ادا کیا اور انہیں کراچی پریس کلب آنے اور پریس کلب کے اراکین سے ملاقات کرنے کی دعوت دی جسے انہوں نے بخوشی قبول کیا۔