لاپتا ہونے والے فٹبالر کی لاش کے حصے دریا سے مل گئے

برازیل میں لاپتا ہونے والے نوجوان فٹبالر کی لاش کے حصے دریا سے مل گئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 19 سالہ کھلاڑی ہوگو وینیسیس نے ایک مقامی ٹیم میں 25 جون کو اپنا آخری میچ کھیلا تھا جس کے بعد وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ایک پارٹی میں گیا تھا اور پھر لاپتا ہوگیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق لاپتا ہونے کے 10 دن بعد کھلاڑی کی لاش کی حصے دریا میں تیرتے ہوئے ملے تاہم کچھ اعضا اب بھی نہیں ملے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق ملنے والے اعضا پر بنے ٹیٹو کی وجہ سے کھلاڑی کی شناخت عمل میں آئی جنہیں مزید ٹیسٹ کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ 5 افراد پر شک ہے کہ وہ بھی اس میں ملوث ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نوجوان فٹبالر کی لاش کے باقی حصے بھی تلاش کرنے میں مصروف ہے۔