ماہ نور بلوچ کا بشریٰ انصاری کی تنقید پر ردّ عمل

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر خوبرو اداکارہ ماہ نور بلوچ نے ساتھی اداکارہ بشریٰ انصاری کی تنقید پر ردّ عمل دیا ہے۔

ماہ نور بلوچ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے زندگی کے مختلف پہلوؤں سے متعلق گفتگو کی۔

اس شو میں اُنہوں نے بشریٰ انصاری کی جانب سے اپنی اداکاری کے بارے میں کیے گئے تبصرے پر کہا کہ’میں نے بشریٰ انصاری کا بیان سنا جس میں اُنہوں نے کہا ہے کہ ماہ نور بہت خوبصورت ہیں لیکن وہ اداکاری کرنا نہیں جانتیں تو میں سمجھتی ہوں کہ یہ ان کی رائے ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ بشریٰ انصاری کے مطابق اگر کوئی ورسٹائل نہیں ہے تو وہ اداکاری نہیں کر سکتا کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ میں ورسٹائل نہیں ہوں اور شاید اسی لیے اُنہوں نے میرے بارے میں یہ کہا کہ مجھے اداکاری کرنا نہیں آتی۔

ماہ نور بلوچ نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میرے کیریئر میں کئی مواقع ایسے آئے جب مجھے کچھ اسکرپٹ پسند آتے تھے لیکن ہدایت کاروں نے یہ کہہ کر مجھے وہ کردار کرنے نہیں دیے کہ ’نہیں! یہ کردار آپ کے لیے نہیں ہے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے یہ بھی کہا گیا کہ میں شکل سے غریب نہیں لگتی، اس لیے میں ایک غریب لڑکی کا کردار ادا نہیں کرسکتی۔

اُنہوں نے میزبان سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ بتائیں کہ میں ایسی صورتحال میں کیا کر سکتی ہوں؟

ماہ نور بلوچ نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ شاید بشریٰ انصاری کا بھی یہی مطلب تھا لیکن وہ اسے اچھی طرح بیان نہیں کر سکیں۔