عمران خان کے وزارت عظمیٰ تک پہنچنے کے پیچھے ان کا ہاتھ تھا:جاوید میانداد کادعویٰ

کرکٹ کے لیجنڈ جاوید میانداد نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے وزارت عظمیٰ تک پہنچنے کے پیچھے ان کا ہاتھ تھا۔

جاوید میانداد نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے عمران خان کے وزیرِ اعظم بننے تک کے سفر کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ آج میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ میں نے عمران خان کو وزیراعظم بنایا ہے جس پر میزبان نے سوال کیا کہ آپ کس طرح سے عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے لیے ذمہ دار تھے؟

جاوید میانداد نے اس سوال کے جواب میں ہنستے ہوئے کہا کہ یہاں کچھ خدا سے ڈرنے والے لوگ ہیں انہیں بلایا جائے اور شکریہ ادا کیا جائے۔

اُنہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ جی بالکل، میں تقریب حلف برداری میں موجود تھا لیکن عمران خان نے ان کی حمایت کرنے پر میرا شکریہ ادا نہیں کیا اور اس سے مجھے تکلیف ہوئی۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ میری بات سنتےتھے، اگر میں آج بھی ان کا ساتھ دیتا تو وہ اس حالت میں نہ ہوتے جیسی حالت میں وہ ابھی ہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر میں انہیں وزیراعظم بنا سکتا ہوں تو میں ان کی برطرفی کو بھی روک سکتا تھا۔

یاد رہے کہ عمران خان کو گزشتہ برس اپریل میں اپوزیشن نے ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرکے اُنہیں وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹا دیا تھا اور یوں عمران خان پاکستان کے پہلے ایسے وزیرِاعظم ہیں جنہیں عدم اعتماد کے ووٹ کی مدد سے عہدے سے ہٹایا گیا۔

جاوید میانداد نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ لیکن اب مجھے یقین ہے کہ عمران خان کے دوبارہ وزیر اعظم بننے کے امکانات بہت کم ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان پاکستان کو 1992ء کے ورلڈ کپ میں فتح سے ہمکنار کروانے کے لیے مشہور ہیں اور ان کے بعد ابھی تک کوئی اور کپتان ٹیم کو یہ اعزاز نہیں دلوا سکا۔

سابق کرکٹر جاوید میانداد بھی 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والے اسکواڈ کا حصّہ تھے۔