سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر کے علاقے شکاس میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا ہے جس کے دوران دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن 5 اور 6 جولائی کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں میجر میاں عبداللّٰہ شاہ شہید ہو گئے۔
33سالہ میجر میاں عبداللّٰہ شاہ شہید کا تعلق کوہاٹ سے ہے جو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔
آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں، ہمارے فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔