وہاب ریاض کی سوشل میڈیا پر اپنی وائرل ویڈیو پر وضاحت

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان وہاب ریاض نے سوشل میڈیا پر اپنی وائرل ویڈیو پر وضاحت دے دی۔

وہاب ریاض نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر لاہور کی سیلاب زدہ سڑکوں پر تیز گاڑی چلاتے ہوئے اپنی وائرل ویڈیو پر ہونے والی تنقید پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ سکّے کے ہمیشہ دو رخ ہوتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہم ہمیشہ غلط رخ دیکھتے ہیں۔

اُنہوں نے لکھا کہ کل جو ہوا اس کے لیے میں معذرت خواہ ہوں، یہ سب غیر ارادی طور پر ہوا اور اسے بالکل غلط انداز میں لیا گیا۔

وہاب ریاض نے ناقدین سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ہمیشہ مثبت چیزوں کو آگے پھیلائیں، منفی پروپیگنڈے سے اپنے خوبصورت ملک کو بدنام نہ کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وہاب ریاض کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ لاہور کی سیلاب زدہ سڑکوں پر لاپرواہی سے گاڑی چلا رہے ہیں اور نتیجے میں سڑک پر موجود بارش کا پانی موٹر سائیکل سواروں پر گر رہا ہے۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا پر وہاب ریاض کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔