بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی نئے انداز میں ومبلڈن میں واپسی

پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ، سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی نئے انداز میں ومبلڈن میں واپسی ہوگئی۔

ثانیہ مرزا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ومبلڈن سے اپنی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔

وہ ان تصاویر میں چھتری اور مائیک تھامے ٹینس کورٹ میں کھڑی نظر آ رہی ہیں۔

اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ومبلڈن میں اس بار ایک مختلف کردار میں واپس آئی ہوں‘۔

ایک رپورٹ کے مطابق، ثانیہ مرزا ومبلڈن میں 3 جولائی سے شروع ہونے والے لیڈیز انویٹیشنل ڈبلز ایونٹ میں کھیلیں گی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ثانیہ مرزا لیڈیز انویٹیشنل ڈبلز ایونٹ میں برطانیہ کی جوہانا کونٹا کے ساتھ ایونٹ کے گروپ بی میں شامل ہوں گی ، اس گروپ میں کم کلائسٹرز، مارٹینا ہنگس، فرانسسکا شیاوون اور روبرٹا ونچی بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹینس اسٹار نے اپنے 20 سالہ کیریئر کا آخری میچ اس سال فروری میں کھیلا تھا۔

ڈبلز میں سابق عالمی نمبر ایک ثانیہ مرزا جن کے پاس ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز میں 6 بار گرینڈ سلیم چیمپئن بننے کا اعزاز ہے، ان کے کھیلوں کی دنیا میں اس شاندار سفر نے اپنے ملک کے بے شمار نوجوانوں کو ٹینس کھیلنے کی ترغیب دی ہے۔