اعظم بستی میں فائرنگ، ایک نوجوان جاں بحق دوسرا زخمی

کراچی کے علاقے اعظم بستی میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

سی سی ٹی وی ویڈیو میں دو موٹر سائیکل سوار ملزمان کو کار سے اترنے والے شخص پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

کار میں سوار دوسرے شخص نے بھی ملزمان پر فائرنگ کی، مقتول کے بھائی کا کہنا ہے کہ سلمان کو دھمکیاں مل رہی تھیں اسے تعاقب کے بعد قتل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے گولیوں کے ایک درجن سے زیادہ خول ملے ہیں۔

ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کی شناخت سلمان کے نام سے ہوئی ہےجبکہ اس کا دوست کامران زخمی ہوا ہے۔

مقتول کے بھائی آصف نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بھائی کار میں سے اتر کر گھر آرہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان پہنچ گئے۔

ملزمان نے کامران پر ایک کے بعد ایک گولیاں چلانا شروع کردیں، گولیوں کے نشان گلی کی دیواروں اور دروازوں پر بھی ہیں۔

مقتول کے بھائی آصف کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے پہلے سلمان کو مگسی گروپ نے مبینہ دھمکی دی تھی۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ملزمان سلمان پر ایک کے بعد ایک گولیاں برساتے ہیں، 7 سے 8 گولیاں چلانے کے بعد جب وہ فرار ہونے لگتے ہیں تو مقتول کا دوست کار سے ملزمان پر فائرنگ کرتا ہے جس سے ایک ملزم زخمی ہوجاتا ہے تاہم پھر بھی ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوجاتا ہے۔