توشہ خانہ کیس کی سماعت ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ایک بار پھر دائر کی گئی جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے استثنیٰ کی درخواست پر اعتراض اٹھا دیا۔

پی ٹی آئی کے وکیل گوہر علی خان نے آج سماعت یہ کہہ کر ملتوی کرنے کی درخواست دائر کر دی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ضلعی کچہری میں پیشی پر سیکیورٹی خدشات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیشن عدالت نے ایک روز میں تین تین درخواستوں پر بھی فیصلے کیے۔

سیشن جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین روز میں ایک بار بھی وکیل خواجہ حارث پیش نہیں ہوئے، انڈر ٹیکنگ آپ نے دی کہ خواجہ حارث پیش ہوں گے۔

جج نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں آپ کے لیے عدالت بہت نرم رویہ رکھ رہی ہے، اتنے نرم رویے کی مثال اور کہیں نہیں ملتی۔

سیشن جج نے کہا کہ ساڑھے گیارہ بجے دلائل دیں ورنہ الیکشن کمیشن کے وکیل کو سن کر فیصلہ کر دوں گا۔

عدالت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دی۔