ذکاء اشرف کا کپتان بابر اعظم کو ٹیلی فون

پاکستان ٹیم کی سری لنکا روانگی سے قبل کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے کپتان بابر اعظم کو ٹیلی فون کیا ہے۔

ذکاء اشرف نے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے بابر اعظم سے کہا کہ پوری ٹیم کو میری طرف سے نیک خواہشات کا پیغام دیں۔

ذکاء اشرف نے کہا کہ توقع ہے کہ ٹیم دورہ سری لنکا اور ایشیا کپ میں پاکستان کے لیے کامیابیاں سمیٹے گی۔

اس موقع پر بابر اعظم نے ذکاء اشرف کو چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کے پچھلے دور میں بھی پاکستان نے ایشیا کپ جیتا تھا، انشاء اللّٰہ اس بار بھی ایشیا کپ جیت کر پاکستان لائیں گے۔

بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو مزید اوپر لے جانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، پاکستان کی خاطر بھرپور توانائی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم آج رات ساڑھے 10 بجے سری لنکا روانہ ہوگی۔