جنت مرزا نے ٹرولنگ کا نشانہ بننے کے بعدڈراموں کی آفرکے ثبوت شیئر کر دیے

پاکستانی معروف ٹک ٹاکر، اداکارہ، ماڈل و یوٹیوبر جنت مرزا نے ٹرولنگ کا نشانہ بننے کے بعد خود کو ڈرامہ سیریل ’پری زاد‘ اور ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ آفر ہونے کے ثبوت شیئر کیے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں جنت مرزا کراچی آئی ہوئی تھیں، اس دوران انہوں نے متعدد انٹرویوز کے ساتھ ساتھ تقاریب میں بھی شرکت کی تھی۔

جنت مرزا کا ایک ٹاک شو میں انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ اُنہیں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تاریخ میں بلاک بسٹر ثابت ہونے والے ڈرامے ’پری زاد‘ اور ہم کہاں کے سچے تھے‘ کی آفر ہوئی تھی۔

جنت مرزا نے کہا تھا کہ اُنہیں ’ہم کہاں کہ سچے تھے‘ میں اداکارہ کبریٰ خان کا کردار (منفی) اور ڈرامہ سیریل ’پری زاد‘ میں اداکارہ اُشنا شاہ کا کردار آفر ہوا تھا۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ کیوں کہ وہ زیادہ تر جاپان میں رہتی ہیں اس لیے وہ یہ ڈرامے نہیں کر سکیں۔

جنت مرزا کے اس بیان کے بعد اُنہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

جنت مرزا کو انٹرویو کے دوران دیئے گئے اپنے متعدد بیانات پر ٹرولنگ کا سامنا تھا جس پر انہوں نے خاموشی توڑتے ہوئے شواہد شیئر کر دیئے ہیں۔

انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر اداکارہ نے واٹس ایپ چٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ شواہد ہیں کہ اُنہیں نجی ٹی وی چینلز سے ڈراموں کی آفرز آئی تھیں۔

اداکارہ کا اپنی اسٹوریز میں مزید لکھنا ہے کہ اُنہیں سوشل میڈیا پر اپنے بیانات کی وضاحت دینے کی ضرورت نہیں تھی مگر صورتحال بہت گھمبیر اور ہاتھ سے نکلے جا رہی تھی اس لیے انہوں نے اپنی ذاتی چیٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کل لوگ بہت مایوس ہیں اور کسی کو کچھ اچھا کرتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے، اسی لیے میں نے سوچا کہ کیوں نہ اسے واضح کر دیا جائے۔