اوورسیز کے مسائل کا حل حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے:سجاد خان

لیگی رہنما اور راولپنڈی کے سابق تحصیل ناظم سجاد خان نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور اُن کا فوری حل حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

لارڈ میئر ’سٹاک آن ٹرنٹ ‘ برطانیہ ماجد خان سے سجاد خان کی ملاقات ہوئی۔

سجاد خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے پوزیشن ہولڈرز طلبہ انگلینڈ کا دورہ کریں گے اور مثالی شہر ’سٹاک آن ٹرنٹ‘ کی ترقی، جدت اور یہاں کے اداروں میں ترتیب دیے گئے انتظامات کا بغور مطالعہ کریں گے۔

لارڈ میئر نے خصوصی طور پر پاکستان سے آئے سجاد خان کو میئر ہاؤس کے دورہ کی دعوت دی تھی۔

ملاقات میں انگلینڈ اور پاکستان کے طلبہ کے دو طرفہ مطالعاتی دورے کو حتمی شکل دینے کا عندیہ دیا گیا۔

سٹاک آن ٹرنٹ کی بلدیہ میں سڑکوں کی صفائی کے لیے استعمال ہونے والی مشینری اور اِس شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے کیے جانے والے انتظامات کو پاکستان کے مختلف شہروں میں متعارف کرانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

اِس موقع پر سجاد خان نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے برطانیہ کے تمام سرکاری اداروں اور پرائیویٹ شعبوں میں بڑا نام اور مقام پیدا کیا ہے جس پر ہم سب فخر محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے دِن رات کوشاں ہے، آئی ایم ایف اور دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان پر چھائے ’ڈیفالٹ‘ کے بادل چھٹ گئے ہیں۔

لارڈ میئر ماجد خان نے سجاد خان کی آمدکو دونوں ممالک کے طلبہ کا ویژن بڑھانے کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہیں یادگاری سند سے بھی نوازا جبکہ سجاد خان نے میئر ہاؤس کی گیسٹ بک میں اپنے دورے اور لارڈ میئر ماجد خان کے برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کا نام اور مقام اُونچا کرنے کے بارے میں اپنے تاثرات تحریر کیے۔

لارڈ میئر سٹاک آن ٹرنٹ کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے اور راولپنڈی کے اداروں، اسکولوں، کالجز اور انتظامی امور کا مطالعہ کرنے کی دعوت دی گئی جو لارڈ میئر نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ بہت جَلد میں پاکستان کا دورہ کروں گا۔

سجاد خان اِس حوالے سے حکومتی نمائندوں سے رابطے میں ہیں۔