سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ اس وقت کے وزیراعظم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈز کے معاملے کو ایجنڈے کا حصہ بنایا تھا، اجلاس میں شہزاد اکبر سے میری بہت تو تو میں میں ہوئی تھی، دوسرے دن اجلاس میں یہ معاملہ ایجنڈے میں شامل نہیں تھا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ شہزاد اکبر ملک سے باہر کیوں ہیں یہاں آئیں اور اپنی سچائی پیش کریں، شہزاد اکبر بتائیں ان کو ملک سے باہر بھجوانے والا کون ہے؟
فیصل واوڈا نے شہزاد اکبر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کو جب دبئی سے نکالا جا رہا تھا یہ جھوٹا شخص دبئی میں موجود تھا، جب حکومت کے پاس روٹی کھانے کے پیسے نہیں تھے چکوال کا سوئی گیس کا معاملہ ایجنڈے میں آیا اور منظور ہوگیا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن کی بات کرتے ہیں تو ہم بھی کچھ کم نہیں رہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھ سمیت ہر کاروباری ہزار روپے لینے کیلئے خوشی سے 100 روپے دے دیتا ہے، ایک کمپنی کو الیکٹرک کاروں کیلئے اربوں روپے کا فائدہ دیا گیا۔