ساکشی مہاراج کاپاکستانی شہری کے معاملے پر سخت ردعمل کا اظہار

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی ساکشی مہاراج نے پاکستانی شہری سیما غلام حیدر کے معاملے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سیما حیدر نے گزشتہ ہفتے بھارت پہنچ کر نوئیڈا میں اپنے محبوب سے شادی کر لی تھی۔ سیما حیدر کی اپنے بھارتی شوہر سچن مینا سے پب جی گیم کے ذریعے بات چیت شروع ہوئی تھی۔

ساکشی مہاراج نے کہا کہ جس وقت تجربہ کار سیاستدان میڈیا میں مائیک پر ہکلاتے ہیں تو کراچی کی سیما حیدر حیران کن طور پر بے باک انداز سے میڈیا میں بات چیت کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیما حیدر صحافیوں کے ساتھ باآسانی بات چیت کر سکتی ہیں اور انگریزی اور ہندی دونوں میں بات کر سکتی تھیں جب یہ کہا جاتا ہے کہ وہ صرف پانچویں پاس ہے۔

محبت ایک الگ چیز ہے لیکن چار بچوں کے ساتھ ایک خاتون کا پاکستان سے بھارت پہنچنا مشکوک ہے۔

انہوں نے کہا کہ تفتیشی ایجنسیوں کو سیما حیدر کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھنا چاہئے کیونکہ کوئی بھی یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ وہ جاسوس نہیں ہے۔ یاد رہے کہ ساکشی مہاراج اتر پردیش کے اناؤ ضلع سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔