ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ،200 میٹر ریس میں شجر عباس سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی 200 میٹر ریس میں پاکستان کے شجر عباس نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

بینکاک میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی 200 میٹر ریس میں شجر عباس نے 200 میٹر کی پانچویں ہیٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

شجر عباس نے 200 میٹر ریس 21.06 سیکنڈز میں مکمل کی، وہ مجموعی 36 رنرز میں ساتویں نمبر پر رہے، ان کی سیمی فائنل دوڑ آج شام کو ہو گی۔

پاکستان کے ہی عبدالمعید بلوچ 200 میٹر کی ہیٹ میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے، وہ اپنی ہیٹ میں 21.86 کی ٹائمنگ کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔

عیشا عمران کو 200 میٹر ریس میں حصہ لینے سے روک دیا گیا

دوسری جانب ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی 200 میٹر ریس میں پاکستان کی عیشا عمران حصہ نہ لے سکیں۔

ذرائع کے مطابق عیشا عمران کو نیشنل گیمز میں ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایشین ایتھلیٹکس سے روکا گیا۔

عیشا عمران نے نیشنل گیمز میں 100 میٹر دوڑ جیتی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ نیشنل گیمز میں کم از کم پانچ ایتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاع ہے۔